اتوار, مئی 10, 2009

مبارک ہو

مبارک ہو جناب۔ اب آپ کے لائف سٹائل کو کوئی خطرہ نہیں۔ صبح اٹھیے۔ واک کے لیے پارک میں جائیے۔ رات کو پارکوں میں جائیے۔ ائیر کنڈیشن کمروں میں بیٹھ کر حالات کا تجزیہ کیجیے۔ بچوں کو بڑے بڑے سکولوں میں داخل کیجیے ان کی زندگی کو خوشیوں سے بھر دیجیے۔ مگر میرا کیا ہوگا۔ میں اپنے گھر سے دور ایک خمیے میں پڑا ہوا ہوں۔ نہ کھانا ہے نہ پینے کو پانی۔ میرے بچے بیمار ہیں۔ اس لیے کہ آپ کے لائف سٹائل کو بچانے کے لیے مجھے قربانی دینا پڑے گی۔ اس کے علاوہ یہ قربانی ان ڈالروں کے لیے بھی ہے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔ ملک ترقی کرے گا اور آپ کا کاروبار خوب چمکے گا۔ مگر مجھے کیا ملے گا۔ عمر بھر کی محرومی۔ یہ جنگ جس کسی کی بھی ہو آپ کی ہو یا امریکہ کی مگر میری ہرگز نہیں۔ مجھے جنگ نہیں۔ امن چاہیے۔ میرے بچوں کو ایک چھت چاہیے میں اس کے لیے کچھ بھی کر سکتا ہوں۔ پگڑی باندھ سکتا ہوں ڈاڑھی رکھ سکتا ہوں۔ بس مجھے امن چاہیے صرف امن ۔ اب اگر آپ کو جنگ پسند ہے تو بسم اللہ کیجیے اپنا گھر میرے لیے خالی کر دیجیے اور میرے خیمے میں مقیم ہو جائیے تاکہ آپ کو معلوم ہو سکے کہ لائف سٹآئل کیا ہوتا ہے۔ میں آپ کے گھر میں رہ کر گزارہ کرلوں گا۔ خصوصی طور پر الطاف بھائی کا لندن والا گھر میرے لیے اچھا رہے گا۔ کیوں الطاف بھائی میرے خیمے میں رہنے کے لیے آپ لندن سے کب لوٹ رہے ہیں اور میرے اور میرے بچوں کے لیے ویزہ اور ٹکٹ کا بندوبست بھی جلد کر دیجیے تاکہ آپ کہ حب الوطنی کا یہ شاندار مظاہرہ ملک کے تمام افراد کے سامنے ایک بڑی مثال بن سکے۔

7 تبصرے:

  1. آپریشن کا راگ الاپنے والے اب لاکھوں پناہ گزینوں کو دیکھ کر چپ سادھ گئے ہیں۔ پنجاب پولیس اٹک کے اس پار آنے سے روک رہی ہے۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. اگر آپریشن طالبان کا خاتمہ کر سکتی تو جنوبی وزیرستان کے ایک گاؤں سے شروع ہونے والی یہ جنگ آج پورے صوبہ سرحد میں نہ پھیلتی۔ میں اپنے گزشتہ بلاگز میں یہ کہہ چکا ہوں کہ خدارا تمام پاکستانیوں سے میری یہ اپیل ہے کہ عام آدمی کا ذرا سوچیے ان کی مشکلات کا اندازہ کیجیے۔ اور اس کی جگہ اپنے آپ کو فٹ کرکے دیکھیے پھر آپ کو معلوم ہوگا کہ جنگ کیا ہوتی ہے

    جواب دیںحذف کریں
  3. جن بوتل سے نکالنا آسان
    دوبارہ بوتل میں ڈالنا بہت مشکل
    دعا کریں کہ ہمارے حال پر اوپر والا رحم کرے
    اور ہمیں امن، سلامتی کے ساتھ تھوڑی سے عقل بھی عطاکردے
    تاکہ کل کسی روس کو تباہ کرنے کے لئے ہم امریکہ کے ہتھیار نہ بنیں

    جواب دیںحذف کریں
  4. بات بالکل بجا ہے
    آقاوں کو ناچ دکھاتے دکھاتے
    ہم نے بارودی سرنگ پر پاوں تو رکھ دیا ہے
    بس اٹھانے کی دیر ہے
    اللہ رحم کرے
    اور کوئی معجزہ بھی
    =================
    سر جی یہ ورڈ ویریفیکیشن سسٹم تو ختم کر دیں

    جواب دیںحذف کریں
  5. ختم کر دیا ہے۔ مگر اس سے سپیم کمنٹس کا خطرہ تو نہیں رہے گا

    جواب دیںحذف کریں
  6. اب جی یه پاک فوج کے حملے میں جو لاکھوں لوگ
    گھر سے بے گھر هوئے هیں ان کا دکھ کون سمجھے گا ؟
    مجھے جب بھی میری بیوی کهتی هے که نکل جاؤ گھر سے تو میری تو روح فنا هو جاتی هے
    که
    کتھے جاواں گا؟؟
    اور یه لوگ تو نکال دئے گئے هیں
    اللّه هی خیر کرے

    جواب دیںحذف کریں
  7. آج میری ایک دوست سید غفور شاکر سے بات ہے۔ وہ اپنے خاندان سمیت شیر گڑھ ہجرت کر چکا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ جو حالت ہم پر گزری ہے اللہ ایسے حالات کسی انسان کو نہ دکھائے۔

    جواب دیںحذف کریں

یہ بھی دیکھیے۔۔۔۔۔

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...